ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کسانوں کے بحران سے حکومت واقف نہیں، سیتارام یچوری نے بے وقوف بنانے کی کوشش قراردیا

کسانوں کے بحران سے حکومت واقف نہیں، سیتارام یچوری نے بے وقوف بنانے کی کوشش قراردیا

Fri, 01 Feb 2019 21:48:11    S.O. News Service

نئی دہلی،یکم ؍فروری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے کہا ہے کہ جمعہ کو پیش کئے گئے بجٹ میں کسانوں کو فی مہینہ پانچ سو روپے دینے کے اعلان سے پتہ چلتا ہے کہ گاؤں اور کسانوں کے، حکومت کی طرف سے پیدا کئے گئے بحران سے خود حکومت کس حد تک بے خبر ہے۔بجٹ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے یچوری نے کہاکہ اگر کسی کسان خاندان میں پانچ رکن ہیں تو اس اعلان کے تحت ہر رکن کو تین روپے یومیہ ملے گا۔یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مودی حکومت دیہی بحران سے کتنی بے خبر ہے۔یچوری نے کسان اور گاؤں کے مسائل کے لیے حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں نے لوگوں کو تباہ کر دیا ہے۔اتنا ہی نہیں حکومت نے کسانوں کو کم از کم امدادی قیمت اور ان کی واجب الادا بقایا رقم بھی ادا کرنے سے انکار کر دیا ہے۔انہوں نے حفاظتی شعبوں کے بجٹ میں کمی پر بھی حکومت پر تنقید کی۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی تاریخ میں دفاعی شعبے کے لیے یہ اب تک کا سب سے کم بجٹ مختص کیا گیا ہے۔مہنگائی کی شرح اور غیر ملکی زر مبادلہ کی شرح کے لحاظ سے مسلح افواج کو موجودہ مقام پر ہی برقرار رکھنا ممکن نہیں ہے۔یچوری نے کہاکہ مودی حکومت 2014 میں دس کروڑ روزگار دینے، سو اسمارٹ سٹی بنانے، کسانوں کی آمدنی دوگنا کرنے اور ہر شخص کے بینک اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپے جمع کرانے وعدے کے ساتھ اقتدار میں آئی تھی۔یہ بجٹ عام انتخابات سے پہلے لوگوں کو بیوقوف بنانے کی ایک اور کوشش ہے، لیکن یہ کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔


Share: